شدید کہر کا قہر: دہلی – آگرہ ایکسپریس وے پر 7 بسوں اور 3کاروں کی آپس میں ٹکر، 4 ہلاک، 25 زخمی

اتر پردیش میں منگل کی علی الصبح ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ دہلی–آگرہ ایکسپریس وے پر شدید دھند کے باعث 7 بسیں اور 3 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں 4افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 25 زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔
یہ حادثہ یمنا ایکسپریس وے کے آگرہ–نوئیڈا کیریج وے پر پیش آیا۔ سپرنٹنڈنٹ شلوک کمار کے مطابق گھنی دھند کی وجہ سے گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، جس کے بعد زبردست آگ لگ گئی۔ بسیں اور کاریں چند ہی منٹوں میں جل کر راکھ ہوگئیں۔ آگ میں پھنسے مسافر جان بچانے کے لئے ادھر اُدھر بھاگتے نظر آئے۔
مقامی لوگوں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ، پولیس اور ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل میں داخل کروا کر علاج کیا گیا ہے،
جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد ٹریفک بری طرح متاثر ہوا، جسے بحال کرنے کے لئے حکام نے ملبہ ہٹانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔



