وزیراعظم اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا تبصرے ایک شخص گرفتار

نئی دہلی۔کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے بہار میں نکالی گئی "ووٹر ادھیکار یاترا” کے دوران کچھ افراد نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا اور نامناسب تبصرے کیے جس پر بی جے پی نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ اس معاملے میں پولیس نے حال ہی میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق وزیر اعظم مودی اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا تبصرے کرنے والوں میں محمد رضوی عرف راج بھی شامل ہے۔ ملزم کی شناخت بھاپور گاؤں سنگوارہ کے رہنے والے کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
بی جے پی کے الزامات پر تاحال کانگریس کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کانگریس کارکنان کے اس رویہ کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم اور ان کی والدہ کے بارے میں نازیبا زبان
استعمال کرنا انتہائی قابلِ مذمت اور غیر مہذب عمل ہے۔