نیشنل

ڈاکٹر نے مریض کی پٹائی کردی۔ مریض نے بھی ڈاکٹر کو لاتوں سے مارا

نئی دہلی: علاج کے لیے آنے والے مریض کو ایک ڈاکٹر نے بری طرح مارا پیٹا، شائستگی سے بات کرنے کی درخواست کرنے پر ہوش و حواس کھو بیٹھنے والے ڈاکٹر کے حملے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

 

یہ واقعہ ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں واقع اندرا گاندھی میڈیکل کالج (IGMC) میں پیش آیا۔ قومی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ سامنے آیا ہے۔شملہ ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک شخص کچھ عرصہ سے بیماری میں مبتلا تھا اور علاج کے لیے حال ہی میں آئی جی ایم سی اسپتال گیا تھا۔

 

متاثرہ شخص نے بتایا“میں اینڈوسکوپی کے لیے اسپتال گیا تھا۔ عملے نے کچھ دیر آرام کرنے کا مشورہ دیا اس لیے میں ایک خالی بیڈ پر لیٹ گیا۔ اسی دوران وہاں آئے ڈاکٹر نے آتے ہی میرے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی۔ جب میں نے ان سے شائستگی سے بات کرنے کو کہا تو انہوں نے مجھ پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔”

 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اردگرد موجود لوگ روکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن علاج کرنے والے ڈاکٹر نے مریض کو بری طرح سے مارا۔ بیڈ پر لیٹے مریض کو بھی دفاع میں ڈاکٹر کو لات مارتے ہوئے دیکھا گیا۔اس واقعہ کے بعد مریض کے ساتھ آئے افراد نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔اس حملے میں متاثرہ شخص کی ناک پر چوٹ آئی۔

 

اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ مریض نے ڈاکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر نے الزام لگایا کہ مریض نے اس کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ تاہم، یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ریاست کے وزیر صحت دھنی رام شاندل نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیا۔

 

انہوں نے ڈاکٹر کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا برتاؤ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔ وزیر صحت نے یقین دلایا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے مناسب کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button