شرابی نے سانپ کو دانتوں سے کتر کر مار ڈالا

حیدرآباد ۔ شراب کے نشہ میں دھت ایک شخص کو سانپ نے کاٹ لیا جس کے بعد اس شرابی نے سانپ کا سر کاٹ کر اسے مار ڈالا۔ یہ واقعہ تروپتی ضلع کے توٹم بیڈو منڈل میں پیش آیا۔
کویتھی انڈالو سے تعلق رکھنے والا وینکٹیش (48) سال تعمیراتی مزدور کے طور پر کام کرتا ہے۔ اسے شراب پینے کی عادت ہے۔ چہارشنبہ کی رات وہ حالت نشہ میں گھر واپس ہورہا تھا کہ اسے سڑک پر ایک زہریلا سانپ نظر آیا۔ نشے میں دھت وینکٹیش نے سانپ کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے اسے کاٹ لیا۔
اس پر شرابی نے سانپ کو پکڑ کر اس کا سر کاٹ دیا جس کے نتیجے میں سانپ مرگیا ۔مرے ہوئے سانپ کو اپنے کندھوں پر ڈال کر وہ گھر لے گیا اور اسے ایک طرف رکھ کر سو گیا۔ صبح سویرے خاندان کے افراد سانپ کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے۔
اس وقت تک وینکٹیش بے ہوشی کی حالت میں جا چکا تھا، جسے تروپتی کے رویا ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔