نیشنل

الیکشن کمیشن کی بڑی کارروائی: 12 ریاستوں میں ووٹر لیسٹ کی خصوصی نظرثانی کا دوسرا مرحلہ شروع

الیکشن کمیشن کی بڑی کارروائی: 12 ریاستوں میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کا دوسرا مرحلہ شروع

 

نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ووٹر لسٹوں کی خصوصی اور جامع نظرثانی (SIR) کے دوسرے مرحلے کا آغاز 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں کیا جا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ مرحلہ 4 نومبر سے شروع ہوگا اور اس میں تقریباً 51 کروڑ ووٹرز شامل ہوں گے۔

 

گیانیش کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بہار میں اس عمل کو کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس میں 7.5 کروڑ ووٹروں نے حصہ لیا۔ دوسرے مرحلے کے تحت ووٹر فہرستوں کی نظرثانی انڈمان نِکوبار، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالہ، لکشدیپ، مدھیہ پردیش، پڈوچیری، راجستھان، تمل ناڈو، اترپردیش اور مغربی بنگال میں کی جائے گی۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی (ڈرافٹ) ووٹر لسٹ 9 دسمبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ حتمی فہرست 7 فروری 2026 کو شائع ہوگی۔ الیکشن کمشنر کے مطابق، اس عمل کا مقصد ووٹر فہرستوں میں کسی بھی غلطی یا جعلی اندراج کو ختم کرکے ان کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

 

گیانیش کمار نے کہا کہ 1951 سے اب تک یہ نویں بار SIR مہم چلائی جا رہی ہے، جب کہ آخری مرتبہ یہ عمل 2002 تا 2004 کے دوران کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آدھار کارڈ کو شہریت کے ثبوت کے طور پر نہیں بلکہ شناختی دستاویز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

مزید بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ عملے کی تربیت منگل سے شروع ہوگی، جبکہ ریاستِ آسام میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی الگ مرحلے میں کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button