نیشنل

ہندوستانی بحریہ کے سابق سربراہ کو بھی الیکشن کمیشن کی نوٹس: ووٹر ثابت کرنے کے لئے کمیشن کی طلبی

ہندوستانی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ارون پرکاش اور اہلیہ کو ای سی آئی کا نوٹس، انتخابی فہرست کے لئے اضافی دستاویزات طلب

 

ہندوستانی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ارون پرکاش اور ان کی اہلیہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ گوا میں انتخابی فہرستوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے دوران خود کو رجسٹرڈ ووٹر ثابت کرنے کے لیے اضافی دستاویزات جمع کروائیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد گوا میں سکونت اختیار کرنے والے ایڈمرل پرکاش کو انتخابی فہرست میں “ان میپڈ” زمرے کے تحت نشان زد کیا گیا ہے۔

 

ایڈمرل ارون پرکاش ایک معزز جنگی ہیرو اور ویر چکر یافتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو دو مختلف تاریخوں پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے اور وہ اس ہدایت کی تعمیل کریں گے۔ ایڈمرل پرکاش نے دی انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میری اہلیہ کو دو الگ الگ دنوں میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔ نوٹس کی زبان خاصی پیچیدہ اور سمجھنے میں مشکل ہے۔

 

اس ہفتے کے اوائل میں جاری نوٹس میں کہا گیا کہ “آپ کے اسمبلی حلقہ میں انتخابی فہرستوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) جاری ہے۔ آپ کا دستخط شدہ اینومریشن فارم موصول ہو چکا ہے۔ جانچ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ یا آپ کے کسی رشتہ دار سے متعلق وہ تفصیلات درج نہیں کی گئیں جن کی بنیاد پر آپ یا آپ کے رشتہ دار کو سابقہ SIR کے دوران تیار کردہ انتخابی فہرست میں رجسٹرڈ ووٹر ثابت کیا جا سکے۔”

 

اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں ایڈمرل پرکاش نے کہا کہ  ریٹائرمنٹ کو 20 برس گزر چکے ہیں، اس دوران نہ مجھے کسی خصوصی رعایت کی ضرورت پڑی اور نہ کبھی ایسی درخواست کی۔ میری اہلیہ اور میں نے قواعد کے مطابق SIR فارم پُر کیے تھے اور ہمیں خوشی ہوئی تھی کہ ای سی کی ویب سائٹ پر جاری گوا کی ڈرافٹ انتخابی فہرست 2026 میں ہمارے نام شامل تھے۔ اس کے باوجود ہم الیکشن کمیشن کے نوٹس کی تعمیل کریں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بوتھ لیول آفیسر (BLO) تین مرتبہ ان کے گھر آیا تھا اور اگر مزید معلومات درکار تھیں تو وہ اسی وقت طلب کی جا سکتی تھیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے الیکشن کمیشن کی توجہ اس جانب دلائی کہ اگر SIR فارم مطلوبہ معلومات حاصل کرنے میں ناکام ہیں تو انہیں ازسرِنو تیار کیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ 82 اور 78 برس کے معمر میاں بیوی ہیں اور انہیں 18 کلومیٹر دور دو مختلف تاریخوں پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

 

ایک سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ نوٹس اس لیے جاری کیا گیا کیونکہ 2002 کی انتخابی فہرستوں میں—جب گوا میں آخری بار SIR کی مشق عمل میں آئی تھی—ان کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ملا۔ اس کے علاوہ اینومریشن فارم میں بھی بعض تفصیلات درج نہیں تھیں، جس کے سبب نوٹس جاری کرنا پڑا۔

 

دریں اثنا، گوا کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) سنجے گوئل نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے کی گئی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button