نیشنل

آندھرا پردیش پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکہ 18 ہلاک۔ کئی کیلو میٹر دور تک سنائی دی آواز

حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش ضلع کاکیناڈا کے سامرلہ کوٹا منڈل میں واقع پٹاخوں کی تیاری کی فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا ۔ منڈل کے وٹلاپالم حدود میں گوداوری کینال کے قریب واقع سوریا شری فائر ورکس میں ہفتہ دوپہر تقریباً 2 بجے اچانک دھماکہ ہوا۔

 

اس حادثے میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ شدید آگ بھڑک اٹھنے کے باعث پورے علاقے میں گہرا دھواں پھیل گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق دھماکے کی آواز تقریباً 5 کلومیٹر تک سنائی دی۔ آواز کی شدت سے قریبی گاؤں کے ایک خانگی اسکول کی عمارت کی سلاب میں دراڑیں پڑ گئیں۔

 

اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ دو فائر انجنوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شدید زخمی ہونے والے 8 افراد کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین کے شامل ہونے کی اطلاع ہے۔

 

بتایا جاتا ہے کہ اس فیکٹری کو اداپا نانی کے خاندان کے افراد چلا رہے تھے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مقررہ حد سے زیادہ آتش بازی کا‌سامان  تیار کرنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے دھماکے کے واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

 

حکام نے انہیں وہاں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ انیتا کو جائے حادثہ پر روانہ ہونے کی ہدایت دی گئی۔

 

ضلع کے ایس پی اور کلکٹر پہلے ہی مقامِ حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button