رایچوٹی میں مبینہ دہشت گردوں کے مکان سے 50 بموں کا مواد برآمد – پولیس نے دھماکہ خیز مادہ کو ناکارہ بنادیا

آندھرا پردیش کے رایچوٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کی گئی بڑی کارروائی کے دوران پولیس نے 50 بم تیار کرنے کے لئے استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد برآمد کیا، جسے بعد ازاں ایک محفوظ مقام پر لے جا کر ضابطے کے مطابق ناکارہ بنا دیا گیا۔
یہ کارروائی کرنول رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کویا پروین کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ڈی آئی جی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ مواد حال ہی میں گرفتار کیے گئے دو مبینہ دہشت گرد ابوبکر صدیقی اور محمد علی کے گھر سے برآمد ہوا
جنہیں تمل ناڈو انٹلیجنس پولیس کی اطلاع پر رایچوٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں کا تعلق جنوبی ہند کی خطرناک دہشت گرد تنظیم "الامّہ” سے ہے، جو داعش جیسی عالمی تنظیموں سے متاثر ہے۔
گرفتاری کے بعد پولیس نے ان کے ٹھکانوں پر تلاشی کے دوران امونیم نائٹریٹ، گن پاؤڈر، فیول آئل، آئی ای ڈی تیار کرنے کے آلات اور ملک کے بڑے شہروں کے نقشے ضبط کیے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان تین بڑے شہروں میں بم دھماکوں کی سازش رچ رہے تھے