ایران میں روزگار کی فرضی پیشکش۔ ہندوستانی شہریوں کو چوکنا رہنے حکومت کا مشورہ

نئی دہلی ۔ وزارتِ خارجہ نے سبھی ہندوستانی شہریوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ ایران میں روزگار کے وعدوں یا پیشکش کے سلسلے میں سخت چوکسی برتیں۔ ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ حال ہی میں ایسے بہت سے معاملات ہوئے ہیں جن میں ایران میں روزگار کے جھوٹے وعدے کیے گئے
یا یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ اُنہیں روزگار کے لیے کسی تیسرے ملک بھیج دیاجائے گا لیکن ایران پہنچنے پر اِن ہندوستانی شہریوں کو مجرم گروپوں نے اغوا کر لیا اور اِن کی رہائی کے لیے اِن کے خاندانوں سے تاوان مانگا گیا۔وزارت نے کہا کہ ایران کی حکومت، بھارتیوں کو صرف سیاحت کے مقصد سے، ویزا کے بغیر داخلہ دیتی ہے۔
وزارت نے کہا کہ اگر کوئی بھی ایجنٹ روزگار یا دیگر مقصد کے لیے ایران میں ویزا کے بغیر داخلے کا وعدہ کرتا ہے اُس کا تعلق مجرموں کے گروپ سے ہو سکتا ہے۔
وزارت نے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اِس طرح کی پیشکش کا شکار نہ بنیں۔