چندرا بابو نائیڈو کے نام سے نقلی ویڈیو وائرل۔ چیف منسٹر کے خلاف ڈیپ فیک سازش مقدمہ درج

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے حوالے سے ایسی باتیں کہی گئی ہیں جو انہوں نے دراصل نہیں کہیں۔ ان کے نام سے آرٹیفشیل انٹلی جنس کی مدد سے (ڈیپ فیک) ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے خلاف سی آئی ڈی کے سائبر کرائم وِنگ نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حالیہ دنوں میں وزیر اعلیٰ چندرابابو نے کسانوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ فصلوں پر ضرورت سے زیادہ کیمیائی ادویات اور یوریا کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ تاہم، کچھ افراد نے ان کے اس ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرکے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے جعلی ویڈیو تیار کی، جس میں ایسا دکھایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کسانوں کو دھمکا رہے ہیں۔
یہ جعلی ویڈیو ’’CBN Warning to AP Farmers” جیل میں ڈال دیں گے‘‘ جیسے عنوان کے ساتھ فیس بک، انسٹاگرام، اور "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کی گئی۔اس معاملے پر تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اقلیتی سیل کے صدر شیخ مستان ولی نے شکایت درج کروائی جس کی بنیاد پر کیس درج ہوا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ فرضی ویڈیو میں
چندرابابو کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ ’’یوریا زیادہ استعمال کروگے تو فصل خریدنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ اس طرح کی حرکتیں کرنے والوں کو گرفتار کریں گے۔ کسانوں کی طرح برتاؤ کرو۔ ہم نے حال ہی میں تمہارے کھاتوں میں 7 ہزار روپے جمع کیے ہیں۔‘‘
شیخ مستان ولی نے الزام لگایا ہے کہ یہ ویڈیو وزیراعلیٰ کی شبیہ کو نقصان پہنچانے عوام کو گمراہ کرنے اور حکومت کے خلاف نفرت پھیلانے کی سازش کے تحت بنائی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے یہ جعلی ویڈیو "Public Mic” نامی انسٹاگرام پیج پر دیکھا۔