بیٹی کی طلاق پر خاندان نے منایا جشن۔ مٹھائیاں کھلا کر ناچتے گاتے گھر واپس لے آئے

نئی دہلی: عام طور پر لوگ شادیوں، تہواروں، سالگرہ اور دیگر خوشی کے مواقع پر جشن مناتے ہیں لیکن ایک ریٹائرڈ جج کے خاندان نے اپنی بیٹی کی طلاق کی خوشی کو جشن کے طور پر منایا۔
بینڈ باجے، موسیقی، ناچ گانے اور ضیافت کے ساتھ بالکل شادی جیسی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے میرٹھ میں پیش آیا۔میرٹھ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ جج ڈاکٹر گیانندر کمار شرما کے خاندان نے
روایتی سماجی رویہ کے برعکس اپنی بیٹی کی طلاق کو ایک جشن کے طور پر منایا۔ شرما کی بیٹی پرنیتا وششت جس نے سائیکالوجی میں پوسٹ گریجویشن کیا ہے اس کی شادی 2018 میں ایک آرمی میجر سے ہوئی تھی۔
ازدواجی اختلافات کے باعث میرٹھ کی فیملی کورٹ نے ان کی طلاق کو منظوری دے دی۔جیسے ہی پرنیتا عدالت سے باہر آئیں خاندان والوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور باجے گاجے کے ساتھ جلوس کی شکل میں
ان کے میکے لے گئے۔ اس موقع پر خاندان کے افراد نے “I Love My Daughter” لکھے ہوئے ٹی شرٹس پہنے ہوئے تھے جن پر پرنیتا کی تصاویر بھی تھیں۔ ان کے والد کا کہنا تھا کہ اگر ان کی بیٹی شادی شدہ زندگی میں
خوش نہیں ہے تو اسے اس ماحول سے نکالنا ان کا فرض ہے۔جب مقامی میڈیا نے پوچھا کہ کیا وہ طلاق کے بدلے کوئی مالی معاوضہ لے رہے ہیں تو گیانندر کمار نے کہا کہ بیٹیاں کوئی جائیداد نہیں ہوتیں اور
انہیں کسی قسم کا معاوضہ نہیں چاہیے۔



