بیرون ملک مقیم دو بیٹوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے پر ماں سمیت تین کے خلاف ایف آئی آر درج – اترپردیش کے رامپور میں واقعہ

رامپور میں پہلی بار جھوٹی معلومات فراہم کرنے پر ایف آئی آر — انتخابی فہرست کے خصوصی نظرثانی عمل میں پہلا کیس
اتر پردیش کے رامپور ضلع میں انتخابی فہرست کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR)کے دوران جھوٹی معلومات جمع کرانے کے معاملے میں پہلی مرتبہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز یہ دھاندلی سامنے آئی، جس کی باضابطہ تصدیق ہفتہ کو مقامی انتظامیہ نے کی۔ معاملہ ایک خاتون اور اُس کے دو بیٹوں کے خلاف درج کیا گیا ہے جن کے فارم میں سنگین بے قاعدگیاں پائی گئیں۔
ضلعی مجسٹریٹ اے کے دویدی کے مطابق، اسمبلی حلقہ 37 — رامپور، حصہ 248 میں جمع کرائے گئے SIR فارمز کی ڈیجیٹل جانچ کے دوران یہ کارستانی سامنے آئی۔ بی ایل او (بووتھ لیول آفیسر) نے نشاندہی کی کہ فارمس دو ووٹروں عامر (ووٹر نمبر 645) اور دانش (ووٹر نمبر 648) کے نام سے جمع کرائے گئے، جبکہ دونوں طویل عرصہ سے بیرون ملک مقیم ہیں؛ عامر دبئی میں جبکہ دانش کویت میں رہائش پذیر ہیں۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ دونوں فارمس دراصل ان کی والدہ نورجہاں نے جمع کرائے تھے۔ نہ صرف بیرون ملک قیام کی حقیقت چھپائی گئی بلکہ مبینہ طور پر دونوں بیٹوں کے دستخط بھی جعلسازی سے کئے گئے۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر کو قانونی کارروائی کی ہدایت دی، جس کے بعد تینوں افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
ایف آئی آر میں درج دفعات میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) 2023، سیکشن 237 — غلط بیان یا غلط اعلان کو درست ظاہر کرنے کا جرم ؛ سیکشن 318 — دھوکہ دہی کی تعریف اور سزاRepresentation of the People Act 1950، سیکشن 31 — انتخابی فہرست سے متعلق غلط اعلان یا غلط معلومات دینا
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات جمع کرانا، حقائق چھپانا یا ووٹر لسٹ میں دوہری انٹری کروانا انتخابی کمیشن کے اصولوں کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ ڈی ایم نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام معاملات میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ اگر کسی شخص نے غلطی سے دو مقامات سے فارم جمع کرائے ہیں تو وہ بی ایل او سے رابطہ کرکے فوری طور پر رول بیک کرا سکتا ہے۔ تاہم جان بوجھ کر کی جانے والی جعلسازی اور بدنیتی پر مبنی معاملات میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی یقینی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے عوام سے اپیل کی کہ جاری نظرثانی مہم میں ووٹر فہرست کے لئے درست، تازہ اور سچّی معلومات فراہم کریں تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور سالمیت برقرار رہ سکے۔



