نیشنل

ملاوٹی دودھ پینے سے 5 افراد ہلاک، کئی بیمار – آندھراپردیش کے راجمنڈری میں واقعہ

آندھراپردیش کے راجمنڈری شہر میں مبینہ طور پر ملاوٹی دودھ پینے سے 5 افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو کالونیوں کے درجنوں افراد شدید علیل ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق چودیشوری نگر اور وینکٹیشور نگر علاقوں میں دودھ پینے کے کچھ ہی دیر بعد متاثرین کو قے، دست اور شدید پیٹ درد کی شکایت ہوئی۔

 

گھر والوں نے متاثرین کو فوری طور پر مختلف خانگی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ پولیس واقعہ کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔ ابتدائی شبہ ہے کہ تمام متاثرین نے ایک ہی مقام سے دودھ خریدا تھا، جس کے باعث ملاوٹ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل حقیقت سامنے آئے گی۔

 

انتظامیہ نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ میونسپل کمشنر کی ہدایت پر محکمہ صحت، ڈاکٹروں، آشا ورکرس اور اے این ایم عملے پر مشتمل 13 ٹیمیں متاثرہ کالونیوں میں گھر گھر سروے کریں گی۔

 

ایک خانگی اسپتال میں تین کم عمر بچوں کو ڈائلیسس دیا جا رہا ہے، جبکہ گھر والوں کے مطابق اسی دودھ فروش سے باقاعدگی سے دودھ لینے والے 60 سال سے زائد عمر کے دو افراد پہلے ہی ڈائلیسس پیچیدگیوں کے باعث فوت ہو چکے ہیں۔ پولیس اور صحت حکام پوری صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button