نیشنل

مالی میں 5 ہندوستانی شہری اغوا – مسلح افراد کا برقی پراجکٹ پر کام کرنے والی کمپنی پر حملہ

افریقی ملک مالی میں 5 ہندوستانی شہریوں کے اغوا کی اطلاع ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مالی کے کوبری علاقے میں پیش آیا۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ تمام ہندوستانی شہری برقی سے متعلق ترقیاتی پراجکٹ پر کام کرنے والی ایک مقامی کمپنی میں ملازم تھے۔ جمعرات کے روز چند مسلح افراد نے اچانک حملہ کرتے ہوئے ان پانچوں ملازمین کو اغوا کرلیا۔

 

واقعہ کے بعد کمپنی میں کام کرنے والے دیگر ہندوستانی شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ کمپنی کے نمائندوں نے اغوا کی تصدیق تو کی ہے، تاہم متاثرین کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ اب تک کسی گروہ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

 

واضح رہے کہ 2012 سے مالی میں بغاوت اور مسلح جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور غیر ملکیوں کے اغوا کے واقعات عام ہوچکے ہیں۔ رواں سال ستمبر میں بھی تین غیر ملکیوں کو اغوا کیا گیا تھا، جو مبینہ طور پر تاوان کی ادائیگی کے بعد گزشتہ ہفتے رہا ہوئے۔

 

فی الحال مالی میں فوجی حکومت قائم ہے، جو القاعدہ اور داعش سے وابستہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button