جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال چل بسے

نئی دہلی ۔ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک منگل (5 اگست 2025) کو انتقال کر گئے۔ وہ میگھالیہ، گوا، اڈیشہ اور بہار کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔
ملک نے 1960 کی دہائی کے وسط میں رام منوہر لوہیا کے سوشلسٹ نظریے سے متاثر ہو کر سیاست میں قدم رکھا۔ انہوں نے 2004 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی اور 2012 میں پارٹی کے قومی نائب صدر مقرر ہوئے۔ وہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
ملک کا تعلق سیاسی طور پر بااثر جاٹ برادری سے ہے۔ وہ اتر پردیش کے ضلع باغپت سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی آبائی جڑیں ہریانہ میں بھی ہیں۔
1980 کی دہائی کے وسط میں انہوں نے مختصر عرصے کے لیے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ وہ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری رہے۔ بعد ازاں، بوفورس اسکینڈل کے باعث انہوں نے 1987 میں پارٹی چھوڑ دی۔ وہ "جن مورچہ” کے بانیوں میں شامل تھے جو بعد میں 1988 میں جنتا دل میں ضم ہو گیا۔