کرناٹک کے سابق رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کو ریپ کیس میں عمر قید کی سزا: سزا کے اعلان کے ساتھ ہی عدالت میں ہی رو پڑا

بنگلورو، 2 اگست – کرناٹک کے سابق رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجوال ریونّا کو ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کے روز بنگلورو میں قائم عوامی نمائندوں کی خصوصی عدالت نے سنایا، جس کے جج سنتوش گجانن ہیگڈے نے مجرم پرجوال پر فردِ جرم ثابت ہونے کے بعد سزا کا اعلان کیا۔
یہ معاملہ اس وقت منظرعام پر آیا جب کے آر نگر کی رہائشی ایک 47 سالہ خاتون نے 28 اپریل 2024 کو ہولے نرسی پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ پرجوال ریونّا نے گنیگاڈ فارم ہاؤس میں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ بعد ازاں، مزید کئی خواتین نے پرجوال کے خلاف اسی نوعیت کی شکایات درج کروائیں، جن پر پولیس نے باقاعدہ مقدمات قائم کیے۔
سزا سنائے جانے سے قبل سابق ایم پی پرجوال ریونّا نے عدالت سے نرمی برتنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر وہ عدالت میں زاروقطار رو پڑے۔ حتیٰ کہ فیصلہ سنائے جانے کے بعد جب وہ عدالت سے باہر آئے، تو بھی بلک بلک کر روتے دکھائی دیے۔
ان کے وکیل نے عدالت سے کم سے کم سزا دینے کی گزارش کی تھی، تاہم عدالت نے تمام شواہد، گواہوں کے بیانات اور متاثرین کی گواہی کی بنیاد پر عمر قید کی سزا سنائی۔
پرجوال ریونّا گزشتہ 14 ماہ سے عدالتی حراست میں تھے اور وہ دورانِ سماعت جیل میں ہی زیرِ حراست رہے۔ عدالت نے اس دوران متعدد بار متاثرہ خواتین کے بیانات قلمبند کیے، جن میں سنگین الزامات سامنے آئے۔
پرجوال ریونّا، جے ڈی ایس کے لیڈر اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ہیں۔ ان پر لگنے والے الزامات اور اب عمر قید کی سزا سے ریاست کے سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل مچ گئی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ایک مثال ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص، چاہے وہ کسی بھی سیاسی پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، بالاتر نہیں۔