لیونل میسی اور چیف منسٹر کے درمیان دوستانہ میچ۔ ٹکٹ رکھنے والے ہی اسٹیدیم آئیں: پولیس

حیدرآباد: دنیا کے مشہور فٹبال اسٹار لیونل میسی (Lionel Messi)کل حیدرآباد کے اُپّل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے والے ہیں جس کے پیش نظر پولیس نے سخت اور جامع انتظامات کر لیے ہیں۔ میچ کو براہِ راست دیکھنے کے لیے وزراء
ارکان اسمبلی فلمی شخصیات اور اعلیٰ حکام میں زبردست دلچسپی دیکھی جا رہی ہے اور ایونٹ آرگنائزرس کی جانب سے جاری کیے جانے والے پاس حاصل کرنے کے لیے بڑی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسی دوران رچہ کنڈہ کے کمشنر
پولیس سدھیر بابو آئی پی ایس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میسی کے میچ کے لیے 2,500 پولیس ملازمین پر مشتمل سخت سیکورٹی تعینات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان ہی افراد کو اسٹیڈیم داخلے کی اجازت ہوگی
جن کے پاس ٹکٹ ہے بغیر ٹکٹ والے افراد اسٹیڈیم کا رخ نہ کریں۔اسٹیڈیم کے اطراف 34 مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے چونکہ اس میچ میں ملک بھر کی اہم شخصیات کے علاوہ غیر ملکی مہمان بھی شرکت کر رہے ہیں اس لیے
کمشنر نے درخواست کی کہ سب لوگ قانون اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ اسٹیڈیم کے اردگرد سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فرینڈلی میچ میں
میسی کے مقابل ٹیم میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی کھیلنے والے ہیں جس سے اس میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔



