اسرائیلی سیاح سمیت 2 خواتین کا گینگ ریپ۔ کرناٹک میں 2 ملزمین گرفتار

بنگالورو: ریاست کرناٹک میں 27 سالہ اسرائیلی سیاح سمیت دو خواتین کی اجتماعی عصمت ریزی کے معاملے میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔کوپل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ رام ایل اراسیدی نے بتایا کہ "ہم نے تین میں سے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے تیسرے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔” ملزمین کی شناخت ملیش اور چیتن سائی کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں کی عمریں 21 سال ہیں دونوں گنگاوتی کے سائی نگرا کے رہنے والے ہیں۔
یہ شرمناک واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ رات کے کھانے کے بعد 29 سالہ ہوم اسٹے آپریٹر اسرائیلی سیاح اور تین مرد سیاحوں کے ساتھ ثنا پور جھیل کے قریب تنگابھدرا نہر کے بائیں کنارے پر گٹار بجا رہے تھے اور موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد اس کے پاس آئے اور پٹرول مانگا۔ جب اس نے انہیں بتایا کہ آس پاس کوئی پٹرول پمپ نہیں ہے اور ثنا پور سے پٹرول لانے کا مشورہ دیا تو ملزمین نے 100 روپے کا مطالبہ کیا۔
ہوم اسٹے آپریٹر انہیں نہیں جانتی تھی اس لیے اس نے بتایا کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں جب ملزم پیسے کے لیے اصرار کرنے لگے تو اڈیشہ کے ایک مرد سیاح نے انہیں 20 روپے کا نوٹ دیا۔اس کے بعد تینوں ملزمین برہم ہوگئے اور انھوں نے ہوم اسٹے آپریٹر اور اسرائیلی سیاح کے ساتھ زیادتی کی۔ تین مرد سیاحوں کو نہر میں دھکیل دیا گیا۔
ارتکاب جرم کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ تین مرد سیاحوں میں سے دو زخمی اور ایک لاپتہ ہو گیا۔ ہفتہ کی صبح اس کی نعش برآمد ہوئی۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر گنگاوتی رورل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں زخمی خواتین ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔
اس دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر چیف منسٹر سدارامیا نے اس واقعہ کو گھناؤنا فعل قرار دیا۔