سونے اور چاندی کی قیمت میں پھر اضافہ

سونے اور چاندی کی قیمت میں پھر اضافہ
نئی دہلی: بین الاقوامی حالات اور امریکی ڈالر کی کمزوری کے باعث سونا اور چاندی کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ پیر کی رات 10:30 بج صرافہ بازار میں چاندی کی قیمت 6 فیصد سے زائد بڑھ کر فی کلو 2.72 لاکھ روپے تک پہنچ گئی جبکہ سونے کی قیمت تقریباً 1 فیصد اضافے کے ساتھ 10 گرام 1.58 لاکھ روپے ہو گئی۔
آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق حیدرآباد مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 15 ہزار روپے فی کلو کا اضافہ ہواجس کے بعد اس کی قیمت 3,00,000 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ خالص سونے (24 کیرٹ ) کی قیمت 10 گرام پر 1,310 روپے بڑھ کر 1,58,500 روپے ہو گئی۔ زیورات بنانے میں استعمال ہونے والے 22 کیرٹ سونے کی قیمت بھی 1,200 روپے بڑھ کر 1,44,750 روپے ہو گئی۔
امریکی ڈالر کی کمزوری اور کم قیمت پر خریداری کے رجحان کے باعث پیر کو سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ ڈالر انڈیکس تقریباً 0.30 فیصد کم ہو کر 97 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے جس کا براہ راست اثر بُلین کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ یہ بات ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز کے کموڈیٹیز کے سینئر اینالسٹ سومِل گاندھی نے بتائی۔عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
بین الاقوامی بازار میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 2.81 فیصد اضافے کے ساتھ 80.21 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ سونے کی قیمت 1 فیصد بڑھ کر 5,012.94 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔گاندھی کے مطابق چین کے پیپلز بینک کی جانب سے جنوری میں مسلسل 15ویں ماہ بھی سونے کی خریداری جاری رکھنے سے متعلق ڈیٹا سامنے آنے کے بعد قیمتی
دھاتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ آئے دن قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے سے شادیوں کے سیزن کے پیش نظر لوگ متفکر ہیں۔
سونے اور چاندی کی قیمت میں پھر اضافہ



