حکومت پہلگام حملہ کا موثر جواب دے: بیرسٹر اسد الدین اویسی

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس کا سخت اور مؤثر جواب دینا چاہیے۔
آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویسی نے کہا، ’’یہ ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’پاکستان سے آئے دہشت گردوں نے 26 معصوم جانیں لیں، جو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔‘‘
اویسی نے مزید کہا کہ ’’سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ دہشت گردوں نے مردوں، عورتوں اور بچوں کو علیحدہ کیا، پھر مردوں سے ان کا مذہب پوچھا اورانہیں گولی مار دی گئی۔ یہ درندگی کی انتہا ہے۔‘‘
صدر مجلس نے کہا کہ اس واقعہ نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور ہم نہ صرف اس کی مذمت کرتے ہیں بلکہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کل جماعتی میٹنگ میں بھی اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔