پنیر نہ ملنے پر مہمان کا انتقام، مہمانوں پر چڑھادی گاڑی۔ شادی کی تقریب درہم برہم

اتر پردیش: مہمان نوازی میں معمولی سی کوتاہی کبھی کبھار مشکلات کھڑی کرسکتی ہے جیسا کہ ریاست اتر پردیش میں ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ خوشیوں سے بھرپور ماحول اُس وقت دہشت میں بدل گیا جب ایک مہمان نے محض پنیر نہ ملنے پر ایسی حرکت کی کہ تمام باراتی دم بخود رہ گئے۔
واقعہ ہفتہ کی رات حمید پور موضع مغل سرائے میں اس وقت پیش آیا جب دھرمیندر یادو نامی شخص جو شادی میں بطور مہمان مدعو تھا کھانے کی میز پر پہنچا اور مزید پنیر مانگا جس پر دلہن کے باپ نے اسے چمچ سے مارا جس پر وہ شدید برہم ہو گیا۔ غصہ کی حالت میں یادو قابو کھو بیٹھا اور فنکشن ہال کے باہر کھڑی ایک منی بس لے کر تقریب کے درمیان گھس آیا اور ٹکر دے دی جس سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے اور تقریباً تین لاکھ روپے مالیت کا نقصان ہوا۔
زخمیوں میں دلہے کے باپ اور دلہن کے چچا شامل ہیں جنہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد دھرمیندر موقع سے فرار ہو گیا تاہم اس کی حرکت نے شادی کی خوشیوں کو لمحوں میں غم میں بدل دیا۔
دولہے کے ارکان خاندان نے اعلان کیا ہے کہ جب تک دھرمیندر کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمہ درج نہیں ہوتا شادی کی رسومات مکمل نہیں کی جائیں گی۔
بعد ازاں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد شادیکیرسومات انجام دی گئیں۔