ہند و پاک جنگ بندی کے بعد سری نگر سے عازمینِ حج کی روانگی کا سلسلہ بحال

نئی دہلی ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی معاہدے کے بعد وادی کشمیر سے عازمینِ حج کی مقدس سرزمین مکہ مکرمہ کی جانب روانگی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ آج صبح سری نگر کے حج ہاؤس سے 151 عازمینِ حج پر مشتمل دوسرا قافلہ روانہ ہوا۔ اس سے قبل پہلا قافلہ 4 مئی کو سری نگر سے روانہ کیا گیا تھا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر سیز فائر پر اتفاق کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہندوستانی افواج نے پہلگام حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈز کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
اس صورتحال کے پیش نظر سری نگر ایئرپورٹ کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا تھا اور جموں و کشمیر حج کمیٹی نے حج پروازیں عارضی طور پر ملتوی کر دی تھیں۔ تاہم حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 14 اور 15 مئی کی حج پروازیں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی، جبکہ منسوخ شدہ پروازوں کے لیے نیا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔