مہاراشٹرا میں شدید بارش 11 افراد کی موت

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ ممبئی، تھانے، اور مراٹھواڑہ کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے حالات درہم برہم ہو گئے ہیں۔ 27 ستمبر سے 29 ستمبر تک ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں ریاست بھر میں اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں
جب کہ تقریباً 41 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔29 ستمبر کو ناندیڑ اور دیگر کئی علاقوں میں تین افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ 28 ستمبر کو ناسک، یوت مال اور جالنا میں مکانات منہدم ہونے اور شدید بارش کے سبب پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
27 ستمبر کو ناندیڑ اور وردھا میں مزید تین افراد کی موت واقع ہوئی۔سولاپور، جالنہ، چھترپتی شمباجی نگر، اور دھاراشیو اضلاع میں بھی شدید بارشں ہوئی جس کے باعث 41 ہزار افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے عارضی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتہ (ہفتے کے دن) کو ممبئی میں ہونے والی شدید بارش کے سبب معمولاتِ زندگی مفلوج ہو گئے تھے۔ پالگھر ضلع کے تالاساری علاقے میں سب سے زیادہ 208 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح چھترپتی شمباجی نگر میں 120.8 ملی میٹر اور 110.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔