ممبئی میں زبردست بارش ریڈ الرٹ کا اعلان۔ 250 سے زائد پروازیں متاثر

ممبئی ۔ممبئی میں مسلسل بارش کے سبب سڑکیں، ریلوے لائنیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق تقریباً 250 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ صبح 9 بجے سے 9:50 کے درمیان 8 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ پروازیں اوسطاً 45 منٹ تاخیر سے چل رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے اور پروازوں کے اوقات متعلقہ ویب سائٹس پر چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔کئی ایئرلائنز نے بھی مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ سیلاب کے سبب کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام ہو گیا ہے، اس لیے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے جلدی نکلیں۔
دوسری جانب شدید بارش کے باعث ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبنے سے ممبئی کی مقامی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ بارش کے باعث اسکولوں، کالجوں اور کئی سرکاری دفاتر کو ریاستی حکومت نے تعطیل دے دی ہے۔ خانگی ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بی ایم سی (ممبئی میونسپل کارپوریشن) نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ جب تک ضروری نہ ہو، گھروں سے باہر نہ نکلیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر کے کئی علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کی
اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے۔ وکھرولی علاقے میں سب سے زیادہ 255.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔