ہندوستان میں کتنے دنوں کا ایندھن موجود ہے : حکومت کی رپورٹ

نئی دہلی: سرکاری رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں خام تیل اور صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی شکل میں 250 ملین بیرل (تقریباً 4,000 کروڑ لیٹر) ایندھن کے ذخائر موجود ہیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں صرف 25 دن کے لیے ایندھن موجود ہونے کی جو باتیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ درست نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ سپلائی نظام میں موجود ذخائر 7 سے 8 ہفتوں (تقریباً دو ماہ) تک کے لیے کافی ہیں۔
یہ ذخائر منگلور، پڈور اور وشاکھاپٹنم میں قائم اسٹریٹجک مراکز کے علاوہ ٹینکوں، پائپ لائنوں اور سمندری جہازوں میں محفوظ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک دہائی پہلے بھارت 27 ممالک سے تیل درآمد کرتا تھا جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 40 ممالک ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی تیل درآمدات میں سے صرف 40 فیصد ہرمز کی آبنائے کے راستے آتی ہیں جبکہ باقی 60 فیصد روس، مغربی افریقہ، امریکہ اور وسطی ایشیا کے راستوں سے پہنچتی ہیں۔
اس طرح اب ملک ایک ہی سمندری راستے پر انحصار نہیں کرتا اور ایندھن کی سلامتی کے حوالے سے خدشات کم ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ حالات میں سپلائی میں کسی بڑے ہنگامی بحران کا خطرہ نہیں ہے۔



