شوہر نے انجکشنس دے کر بیوی کا قتل کردیا۔ بیماری چھپا کر شادی کرنے پر انتقام

بنگالورو۔کرناٹک میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ شوہر نے بیماری چھپانے کر شادی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنی بیوی کو "علاج” کے نام پر قتل کر دیا۔ یہ حقیقت چھ ماہ بعد سامنے آئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے مننے کولال علاقے میں رہنے والے ڈاکٹر کارتیکا ریڈی اور ڈاکٹر مہیندر ریڈی میاں بیوی تھے۔ ان کی شادی گزشتہ سال 26 مئی کو ہوئی تھی۔ دونوں ہی وکٹوریہ اسپتال میں بطور ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔رواں سال اپریل میں کارتیکا ریڈی کی طبیعت خراب ہوئی تو وہ اپنے میکے چلی گئی۔ 21 اپریل کو وہ اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑی اور اس نے وہیں دم توڑ دیا۔
اگرچہ یہ طبعی موت معلوم ہو رہی تھی اس لیے پولیس نے اسے ابتدا میں اسے "نارمل ڈیتھ” (قدرتی موت) قرار دیا۔تاہم کارتیکا ریڈی کی بہن بھی ایک ڈاکٹر ہے اس نے بہن کی موت پر تفصیلی تفتیش کی درخواست کی جس پر پولیس نے دوبارہ تحقیقات کا آغاز کیا۔تفتیش کے دوران فورینسک لیبارٹری کی رپورٹس کی بنیاد پر یہ ثابت ہوا کہ کارتیکا ریڈی کو انتہائی طاقتور دوا "پروپوفول” دی گئی تھی۔
کارتیکا ریڈی کی موت سے پہلے اُس کے شوہر نے یہ کہہ کر کہ وہ علاج کر رہا ہے، اُسے خود ہی انجیکشنس دیے تھے۔تحقیقات کے بعد پولیس نے اُسے 13 اکتوبر کو حراست میں لے لیا۔تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ شوہر نے الزام لگایا تھا کہ کارتیکا نے اپنی صحت سے متعلق مسائل کو چھپا کر اُس سے شادی کی اور اسی وجہ سے اُس نے کارتیکا ریڈی کو قتل کیا۔
مزید یہ کہ پولیس کو پتہ چلا ہے کہ مہیندر ریڈی کے خاندان کا پس منظر بھی جرائم سے جُڑا ہوا ہے۔ اس کے دونوں بھائیوں پر بھی فوجداری مقدمات درج ہیں۔یہ واقعہ اس وقت کرناٹک میں ایک سنسنی خیز واقعہ بن چکا ہے اور کارتیکا کے اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔



