حیدرآباد – بنگلورو بس حادثہ ؛ 19 افراد ایمرجنسی دروازے سے نکلنے میں کامیاب

آندھراپردیش کے کرنول کے قریب جمعہ کی علی الصبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد سے بنگلور جا رہی ایک ویموری کاویری ٹراویل کو چنّٹیکورو کے قریب ایک موٹر سائیکل سے ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں بس کے نچلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ چند لمحوں میں ہی پوری بس شعلوں کی لپیٹ میں آگئی اور جل کر راکھ بن گئی۔
حکام کے مطابق یہ بس جمعرات کی رات 10 بج کر 30 منٹ پر حیدرآباد سے روانہ ہوئی تھی اور صبح تقریباً 3 بج کر 30 منٹ پر حادثے کا شکار ہوئی۔ اس وقت بس میں 41 مسافر سوار تھے۔ ان میں سے 19 افراد ایمرجنسی دروازے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ باقی مسافر شعلوں میں پھنس گئے۔
اب تک 11 نعشیں بس سے برآمد کی گئی ہیں۔ کرنول کلکٹر سری نے بتایا کہ 20 مسافر محفوظ ہیں، جبکہ کئی افراد اب تک لاپتہ ہیں۔
حادثہ میں نیلور ضلع کے گولاورپلی کے رہنے والے گولا رمیس (35) اپنے خاندان سمیت ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں ان کی اہلیہ انوشا (30)، بیٹی منوِتا (10) اور بیٹا منیش (12) شامل ہیں۔ گھر والوں کو اطلاع ملنے پر فوری طور پر موقعِ واردات پر پہنچ گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا کر نعشوں کو برآمد کیا۔
متعلقہ خبر پڑھیں
حیدرآباد سے بنگلور جانے والی بس میں بھیانک آگ، 20 سے زائد ہلاک



