نیشنل

حیدرآباد سے بنگلور جانے والی بس میں بھیانک آگ، 20 سے زائد ہلاک

حیدرآباد تا بنگلور سفر کے دوران بس میں بھیانک آگ، 20 سے زائد ہلاک

 

کرنول ضلع میں جمعہ کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ویموری کاویری ٹراویلز کی ایک بس، جو حیدرآباد سے بنگلور جا رہی تھی، کرنول کے مضافات میں چنّٹیکورو کے قریب نیشنل ہائی وے 44 پر اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق، ایک موٹر سائیکل نے پیچھے سے بس کو ٹکر ماری جس کے بعد وہ بس کے اگلے حصے میں جا گھسی۔ اس ٹکر سے ایندھن کے ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس شعلوں میں گھِر گئی۔ اس دوران کئی مسافر زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔

 

حادثے کے وقت بس میں تقریباً 39 افراد سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12 افراد معمولی زخمی حالت میں بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ 20 سے زائد افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کرنول سرواجن ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔

 

حادثہ اولنداکونڈ کے قریب پیش آیا، اور اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ بدقسمتی سے بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔

 

ذرائع کے مطابق زیادہ تر مسافر حیدرآباد کے رہائشی تھے۔ واقعہ کے فوراً بعد بس کے دونوں ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

 

حادثے میں بچ جانے والوں میں رام ریڈی، وینو گوپال ریڈی، ستیہ نارائنا، سری لکشمی، نوین کمار، اکھل، جشمیتا، اکیرا، رمیش، جے سوریا، اور سبراہمینیم شامل ہیں۔

 

ہندُوپور کے رہائشی نوین نے چھ زخمیوں کو اپنی کار میں کرنول اسپتال پہنچایا۔ اسی دوران پُٹّاپرتی سے حیدرآباد جانے والی ایک خاتون ہائم ریڈی نے جلتی ہوئی بس دیکھ کر فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button