کشمیر میں بھی حجاب ہٹا دینے کے واقعہ کی گونج – بہار کے چیف منسٹر کے خلاف التجا مفتی نے بھی پولیس میں درج کرائی شکایت
کشمیر کی سابق چیف منسٹر و پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے حجاب اتارے جانے کے معاملے میں بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف کشمیر میں سری نگر کے کوتھی باغ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
التجا مفتی نے کہا کہ اگر آئندہ کسی نے کسی مسلم خاتون کا حجاب کھینچنے کی کوشش کی تو مسلمان خواتین ایسا سبق سکھائیں گی کہ عمر بھر یاد رہے گا۔
پی ڈی پی قائد التجا مفتی نے جمعہ کو بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ شکایت اس واقعے کے سلسلے میں دائر کی گئی ہے جس میں چیف منسٹر نے ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب اتار دیا تھا۔ تاہم پولیس نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ایف آئی آر درج کی گئی ہے یا نہیں۔
ایف آئی آر دائر کرنے کے بعد التجا مفتی نے کہا کہ "میری رائے درست ہے۔ جب چیف منسٹر قانون توڑتا ہے تو یہ غلط پیغام دیتا ہے اور فرقہ وارانہ رویے کو بڑھاوا دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ”گِریراج سنگھ کا اسلامی ملک کے حوالے سے بیان کیا مطلب ہے؟ کسی کو یہ حق نہیں کہ خواتین پر اخلاقی پابندیاں عائد کرے—چاہے وہ پینٹ پہنیں، حجاب پہنیں یا عبایا—ایسے بیانات غیر حساس اور ناقابل قبول ہیں۔ کسی کو اخلاقی پولیسنگ کرنے کا حق نہیں۔



