حیدرآباد میں ملک کا سب سے بڑا ڈرگ ریاکٹ بے نقاب – 12 ہزار کروڑ روپے کی منشیات ضبط

حیدرآباد میں ملک کے سب سے بڑے ڈرگ مافیا نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا ہے۔ ممبئی پولیس کی اینٹی نارکوٹکس سیل اور کرائم برانچ نے ایک خفیہ اور سنسنی خیز آپریشن کے بعد حیدرآباد کے چرلاپلی انڈسٹریل ایریا میں چھپی ایک کیمیکل فیکٹری کو نشانہ بنایا، جو دراصل نشہ آور دوا ایم ڈی (میفڈرون) بنانے کا سب سے بڑا اڈہ نکلا۔
پولیس کے مطابق، فیکٹری سے 12 ہزار کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ یہ کارروائی کئی ہفتوں تک خفیہ نگرانی اور خطرناک انڈر کور آپریشن کے بعد انجام دی گئی۔ پولیس اہلکار خود اس نیٹ ورک میں گھس گئے تھے تاکہ اصل سرغنہ تک پہنچ سکیں۔
کارروائی کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں ایک غیر ملکی، فیکٹری کا مالک اور کیمیکل ماہر سرینواس بھی شامل ہے۔ ان کے قبضے سے 100 گرام ایم ڈی اور 25 لاکھ روپے نقدی بھی ضبط کی گئی۔ پولیس نے جدید کیمیکل آلات، منشیات تیار کرنے والی مشینیں اور 32 ہزار لیٹر سے زائد خام کیمیکل بھی برآمد کیا۔
چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ یہ فیکٹری ’’واگدیوِی لیابس ‘‘ کے جعلی نام سے رجسٹرڈ تھی، لیکن اندر خفیہ طور پر منشیات کی بڑے پیمانے پر پیداوار ہورہی تھی۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یہاں تیار ہونے والی ایم ڈی نہ صرف مہاراشٹر بلکہ ملک کی کئی ریاستوں میں پہنچ رہی تھی اور بین الاقوامی اسمگلنگ کے لیے بھی تیار کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ چند مہینوں میں اس فیکٹری سے بڑی مقدار میں نشہ آور مال ممبئی اور گجرات کے راستے بیرون ملک بھیجا جاچکا ہے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ اس نیٹ ورک کے تار ملک کی مختلف ریاستوں اور بین الاقوامی منشیات مافیا سے جڑے ہوئے ہیں