بیرون ملک سے بھارت آنے والوں کے لئے خوشخبری – سونا اور سامان اب زائد مقدار میں لانے کی سہولت

نئی دہلی: بیرونِ ملک سے ہوائی یا سمندری راستوں کے ذریعے بھارت آنے والے مسافروں کے لئے مرکزی حکومت نے خوشخبری سنائی ہے۔ حکومت کے مطابق خواتین مسافر 40 گرام تک اور مرد مسافر 20 گرام تک سونے کے زیورات بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے اپنے ساتھ لا سکتے ہیں۔ یہ سہولت اُن افراد کے لئے ہے جو ایک سال سے زائد عرصے سے بیرونِ ملک مقیم ہوں اور وطن واپس آ رہے ہوں، یا پھر بھارتی نژاد غیر ملکی سیاح ہوں۔
تاہم اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ یہ زیورات صرف ذاتی استعمال کے لئے ہوں۔ سونے کے بسکٹ یا سلاخوں کی شکل میں لایا گیا سونا اس رعایت کے دائرے میں شامل نہیں ہوگا۔ اس سے قبل خواتین کو ایک لاکھ روپے اور مردوں کو 50 ہزار روپے مالیت کے زیورات ہی ڈیوٹی فری لانے کی اجازت تھی۔
مرکزی بالواسطہ ٹیکس اور کسٹمز بورڈ (سی بی آئی سی) نے پیر کے روز بتایا کہ 2016 کے پرانے قواعد کی جگہ نئے ’بیگیج رولز 2026‘ نافذ کر دیے گئے ہیں، جو 2 فروری سے لاگو ہو چکے ہیں۔ ان قواعد کے مطابق:
بیرونِ ملک سے واپس آنے والے بھارتی شہری، غیر ممالک میں آباد بھارتی نژاد سیاح، یا سیاحتی ویزا کے علاوہ دیگر ویزوں پر آنے والے غیر ملکی، اپنے ساتھ 75 ہزار روپے مالیت تک کا سامان بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے لا سکتے ہیں۔ اس سے قبل یہ حد 50 ہزار روپے تھی۔ البتہ دو سال سے کم عمر بچوں پر یہ رعایت لاگو نہیں ہوگی۔
غیر ملکی سیاحوں کے لئے خصوصی حد:
ہوائی جہاز یا بحری جہاز کے ذریعہ آنے والے غیر ملکی سیاح صرف 25 ہزار روپے مالیت تک کا نیا سامان ڈیوٹی فری لا سکتے ہیں۔ جبکہ زمینی راستے (سڑک یا ریل) سے آنے والے مسافروں کو صرف ذاتی استعمال کے پرانے سامان پر ہی رعایت دی جائے گی۔
الیکٹرانک اشیاء:
18 سال یا اس سے زائد عمر کے مسافر (فضائی عملے کے علاوہ) اپنے سامان میں ایک نیا لیپ ٹاپ یا نوٹ پیڈ اضافی طور پر بغیر ڈیوٹی لا سکتے ہیں۔ سفر کے دوران ذاتی استعمال کے لئے لائے گئے پرانے سامان، جیسے کپڑے یا دیگر آلات پر کوئی کسٹمز ڈیوٹی نہیں ہوگی۔
مزید یہ کہ ملازمت یا دیگر وجوہات کی بنا پر بیرونِ ملک مقیم رہنے کے بعد مستقل طور پر بھارت واپس آنے والوں کو قیام کی مدت کے مطابق گھریلو اشیاء پر خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔
بیرونِ ملک 3 سے 12 ماہ قیام کرنے والوں کو 1.50 لاکھ روپے مالیت تک کی گھریلو اشیاء لانے کی اجازت ہوگی۔
گزشتہ دو برسوں میں کم از کم ایک سال بیرونِ ملک مقیم رہنے والے افراد 3 لاکھ روپے مالیت تک کا سامان لا سکتے ہیں۔
جبکہ کم از کم دو سال بیرونِ ملک قیام کے بعد واپس آنے والے مسافر زیادہ سے زیادہ 7.50 لاکھ روپے مالیت تک کا سامان بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے وطن لا سکتے ہیں۔



