ہندوستانی عازمین کی پہلی پرواز 18اپریل سے شروع – جدہ میں ہندوستانی عہدیداروں کی حج انتظامات پر پریس کانفرنس

ہندوستانی عازمین کی پہلی پرواز 18اپریل سے شروع – جدہ میں ہندوستانی عہدیداروں کی حج انتظامات پر پریس کانفرنس

جدہ – ( عرفان محمد) ہندوستان نے آئندہ حج سیزن کے لئے اپنی تیاریاں مزید تیز کرتے ہوئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات کو مرکزی حیثیت دے دی ہے، جس کا مقصد عازمینِ حج کے سفر کو زیادہ محفوظ، منظم اور سہل بنانا ہے۔
ہندوستانی عہدیداروں کے مطابق اس سال “حج سُویدھا ایپ” کو مزید جدید اور فعال بنایا جا رہا ہے، جو سعودی عرب کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم “نسک” کی طرز پر کام کرے گا۔ اس ایپ کے ذریعہ عازمین کو نہ صرف ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی بلکہ بھیڑ میں گم ہونے کی صورت میں ان کی ریئل ٹائم لوکیشن بھی ٹریک کی جا سکے گی، جو حج کے دوران ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ یہ ایپ اسمارٹ واچ کے ساتھ منسلک ہوگی اور عازمین کو سعودی انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کی جانب سے 1 جی بی ڈیٹا بھی دیا جائے گا۔ یہ نظام عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ان کی مکمل رہنمائی اور مختلف مسائل کے فوری حل میں مدد فراہم کرے گا۔
ہندوستانی وزارتِ اقلیتی امور کے جوائنٹ سیکرٹری رام سنگھ نے جدہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “حج سُویدھا” ایپ میں ایمرجنسی ایس او ایس، ریئل ٹائم فلائٹ معلومات، مقدس مقامات میں نیویگیشن اور مناسک حج سے متعلق رہنمائی جیسے اہم فیچرس شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایپ میں پیڈومیٹر کی سہولت بھی موجود ہے جو دورانِ حج عازمین کے قدموں کی تعداد ریکارڈ کر کے ان کی صحت کا اندازہ لگانے میں مدد دے گی۔
ہندوستانی قونصل جنرل فہد خان سوری نے اس منصوبے کو حج نظام میں “گیم چینجر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ کسی بھی اینڈرائیڈ یا آئی او ایس اسمارٹ فون پر انسٹال کی جا سکتی ہے، جبکہ اسمارٹ واچز بھی حج پیکیج کا حصہ ہوں گی۔
عہدیداروں کے مطابق حج 2026 کے لئے لیے پہلی پرواز 18 اپریل کو ممبئی سے روانہ ہوگی۔ اس سال مجموعی طور پر تقریباً 175000ہندوستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے، جبکہ تقریباً 400 تنہا خواتین بغیر محرم کے حج ادا کریں گی، جو حکومت کی خواتین بااختیاری پالیسی کا حصہ ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ عازمین مشاعر مقدسہ میں ٹرین سروس سے استفادہ کریں گے، جبکہ مکہ اور مدینہ کے درمیان بھی ٹرین سفر کی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
عہدیداروں نے یہ بھی کہا کہ 350 صحت کے ماہرین پر مشتمل ٹیم عازمین کی خدمت کے لیے تعینات کی جائے گی، جس میں مقدس مقامات پر 24 گھنٹے فعال ڈسپنسریاں بھی شامل ہوں گیسنٹرل حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سی. شَنواس، قونصل سدف چودھری اور عماد حسین بھی اس پریس کانفرنس میں شریک تھے۔ یہ وفد اس وقت سعودی عرب میں موجود ہے تاکہ اپنے عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لے سکے۔




