یکم جولائی سے ٹرین ٹکٹوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ، آدھار تصدیق پر تتکال ٹکٹ بکنگ کی سہولت

نئی دہلی _ 24 جون ( اردو لیکس) ریلوے محکمے کے معتبر ذرائع کے مطابق ٹرین ٹکٹوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہونے والا ہے، جو کہ یکم جولائی 2025 سے نافذ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نان اے سی میل / ایکسپریس ٹرین کے ٹکٹ کی قیمت میں فی کلومیٹر 1 پیسہ اور اے سی کلاس کے ٹکٹ میں فی کلومیٹر 2 پیسے کا اضافہ ہوگا۔ کئی اخبارات اور نیوز ویب سائٹس نے ریلوے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر دی ہے، تاہم سرکاری طور پر ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کئی برسوں کے بعد ریلوے ٹکٹ کی قیمتوں میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اضافہ 500 کلومیٹر سے زیادہ سفر کرنے والے سیکنڈ کلاس مسافروں پر ہی لاگو ہوگا۔ 500 کلومیٹر تک کا سفر اور شہری علاقوں (سب اربن) کے ٹکٹ اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
دوسری طرف، تتکال ٹکٹ بکنگ سے متعلق ایک اہم تبدیلی بھی کی گئی ہے۔ اب وہی مسافر تتکال ٹکٹ بُک کر سکیں گے جن کی شناخت آدھار سے تصدیق شدہ ہو۔ یہ نیا ضابطہ بھی یکم جولائی سے نافذ کیا جائے گا۔
ریلوے ذرائع نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ماہانہ سیزن ٹکٹ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔