گائے کی غیر قانونی منتقلی کا الزام 2 نوجوانوں کا آدھا سر منڈھوا کر نالی کا پانی پینے پر کیا گیا مجبور

نئی دہلی: ریاست اڑیسہ کے ضلع گنجام میں انسانیت سوز واقعہ اُس وقت پیش آیا جب دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے دو افراد پر گائے اور بچھڑوں کی غیر قانونی منتقلی کا الزام لگاتے ہوئے
انہیں بے رحمی سے مارا پیٹا گیا، آدھا سر منڈھوا کر زبردستی نالی کا پانی پلایا گیا اور گاؤں کی گلیوں میں گھٹنوں کے بل چلنے پر مجبور کیا گیا۔
واقعہ دھارا کوٹ تھانہ حدود کے ایک گاؤں کا ہے جہاں سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے اتوار کے روز ہری پور کے ایک شخص سے ایک گائے اور دو بچھڑے خریدے اور پیدل اپنے گاؤں کی جانب روانہ ہو گئے۔
جب وہ خارِگمّا کے قریب پہنچے تو سات تا آٹھ افراد نے انہیں روک لیا اور جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کا الزام عائد کیا۔جب ان ملزمین نے زبردستی ان سے رقم چھیننے کی کوشش کی تو
متاثرہ افراد نے مزاحمت کیجس پر اُن پر شدید تشدد کیا گیا۔اس کے بعد ان پر جبراً جوتے برسائے گئے، اور خارِگمّا سے تقریباً دو کلومیٹر دور واقع گاؤں "جہاڑ” تک انہیں گھسیٹتے ہوئے لے جایا گیا۔ وہاں اُن سے زبردستی نالی کا گندہ پانی پلایا گیا اور پھر گلیوں میں گھٹنوں کے بل چلایا گیا۔
کسی طرح دونوں متاثرین وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے اور اپنے گاؤں پہنچ کر پولیس کو شکایت درج کروائی۔ پولیس نے دونوں زخمیوں کو سر اور کمر پر چوٹیں آنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا ہے۔
اس واقعے پر تھانہ انچارج چندریکا سوآئین نے کہا کہ کیس درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت کر کے اُن کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔