ایران اور امریکہ جنگ کے ہندوستان پر شدید اثرات -بھارت سمیت ایشیا میں مہنگائی – 25 لاکھ افراد غربت کے دہانے پر

ایران امریکہ جنگ کے باعث مغربی ایشیا میں جاری بحران کے تناظر میں تیل کی قیمتیں پہلے ہی تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جبکہ کئی ممالک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اس بحران کے ہندوستان پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوں گے، اور جنگ کے نتیجہ میں ہندوستان کے تقریباً 25 لاکھ افراد کے غربت میں دھنس جانے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کی جانب سے "مغربی ایشیا میں فوجی کشیدگی اور ایشیا و پیسفک میں انسانی ترقی پر اس کے اثرات” کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ جنگ پورے ایشیا اور پیسفک خطے میں ترقی کی رفتار کو سست کر دے گی۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 88 لاکھ افراد کے غربت کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے، جبکہ چین بھی اس کے اثرات سے نمایاں طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، ٹرانسپورٹ اور خام مال کے اخراجات میں اضافہ عوام کی قوت خرید کو کمزور کرے گا۔ اس کے نتیجے میں غذائی مسائل میں اضافہ، سرکاری بجٹ پر دباؤ اور روزگار کے ذرائع متاثر ہوں گے۔ ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور فلپائن سمیت کئی ممالک میں غذائی تحفظ کے مسائل مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اگر یہ تنازعہ طویل عرصے تک جاری رہا تو ہندوستان میں یوریا کے ذخائر میں کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے کسانوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ آبنائے ہرمز کے اطراف کشیدگی کے باعث ہندوستان میں طبی آلات کے خام مال کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ادویات کی تھوک قیمتیں پہلے ہی 10 سے 15 فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔



