آندھرا یونیورسٹی کی ایرانی طالبات مشکل میں: جنگ کے باعث گھر سے مالی مدد ختم ، گھر کا کرایہ اور فیس ادا کرنے سے قاصر ؛ کلکٹر سے مدد کی اپیل

آندھرا یونیورسٹی میں فارمیسی کی آخری سال کی دو ایرانی طالبات، سُولماز محمدی اور زینب محمدی نے ان کے ملک ایران میں جاری جنگی صورتحال کے پیش نظر مالی مدد کے لئے ضلع کلکٹر سے رجوع کیا ہے۔طالبات نے بتایا کہ وہ آندھرا یونیورسٹی میں ژیر تعلیم ہیں اور اپنے تین بچوں کے ساتھ وشاکھاپٹنم میں مقیم ہیں
، تاہم ایران میں جنگ کے باعث نہ تو وہ اپنے گھر والوں سے رابطہ کر پا رہی ہیں اور نہ ہی کوئی مالی مدد حاصل ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں کرایہ، بچوں کی اسکول فیس اور روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں انٹرن شپ مکمل کرنے کے لیے جون کے اوائل تک بھارت میں رہنا ہے، لیکن غیر یقینی صورتحال کے باعث کسی بھی وقت ایران واپس جانا پڑ سکتا ہے، جس کے لیے ہوائی ٹکٹ کے اخراجات بھی درکار ہیں۔ طالبات کے مطابق دو ماہ سے کرایہ بقایا ہے جبکہ اسکول فیس بھی ادا نہیں ہو پا رہی۔
اس معاملے پر ضلعی حکام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مکان مالک اور بچوں کے اسکول انتظامیہ سے بات چیت کی اور صورتحال بہتر ہونے تک مہلت دینے کی درخواست کی ہے۔



