جموں و کشمیرانتخابی نتائج۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد 53 حلقوں میں آگے

نئی دہلی ۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق نیشنل کانفرنس اور کانگرس اتحاد سبقت بنائے ہوئے ہے۔ اس وقت نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد 53 نشستوں پر آگے ہے جبکہ وہیں بی جے پی 24 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔
پی ڈی پی کو چار نشستوں پر سبقت حاصل ہے جبکہ دوسرے حلقوں میں دیگر جماعتیں آگے ہیں۔ ابتدائی رجحانات کے بعد نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کامیابی کے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں کشمیر کے عوام نے جو بھی فیصلہ کیا وہ آج دوپہر تک سامنے آ جائے گا۔واضح رہے کہ جموں کشمیر سے آرٹیکل 370 کی تنسیخ اور خصوصی موقف ختم کرنے کے بعد پہلی بار وادی میں اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے 90 حلقوں میں سے کانگریس، این سی پی اتحاد 53 نشستوں پر آگے ہے اور اس اتحاد نے تشکیل حکومت کے لیے درکار اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ جموں کشمیر میں اکثریت کے لیے 45 نشستیں درکار ہیں۔