سر پر ٹوپی لگی وائرل ویڈیو کو دیکھ کر جاوید اختر برہم۔ کاروائی کرنے کی دی دھمکی

سر پر ٹوپی لگی وائرل ویڈیو کو دیکھ کر جاوید اختر برہم۔ کاروائی کرنے کی دی دھمکی
ممبئی کئی اداکاروں اور بڑی شخصیات کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ آرٹیفیشل انٹلی جنس (AI) کے ذریعے چھیڑ چھاڑ کی جا چکی ہے۔ اب مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر بھی اس کا شکار ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں جاوید اختر کو سر پر ٹوپی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں 80 سالہ جاوید اختر کی کمپیوٹر سے بنائی گئی ایک تصویر دکھائی گئی ہے جس میں انہیں ٹوپی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
جمعرات کو انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اس ویڈیو کو گمراہ کن اور قابلِ اعتراض قرار دیا۔ انہوں نے اس کلپ کا فیس بک لنک شیئر کیا اور واضح کر دیا کہ وہ اس معاملے کو ہلکے میں لینے والے نہیں ہیں۔جاوید اختر نے لکھا“ایک نقلی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کمپیوٹر سے بنائی گئی میری نقلی تصویر دکھائی گئی ہے۔ میرے سر پر ٹوپی لگائی گئی ہے اور یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آخرکار میں نے اوپر والے کا رخ کر لیا ہے یہ مکمل طور پر بکواس ہے۔
میں اس معاملے میں سائبر پولیس میں شکایت درج کروانے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں اور اس فرضی خبر کو بنانے والے شخص اور اسے آگے پھیلانے والے کچھ لوگوں کو عدالت تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہوں کیونکہ اس سے میری ساکھ اور اعتبار کو نقصان پہنچا ہے۔”اس وقت جاوید اختر خدا کے وجود پر دیے گئے بیانات کی وجہ سے بحث میں ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے نئی دہلی میں اسلامی عالم مفتی شمائل ندوی کے ساتھ ایک عوامی مباحثے میں حصہ لیا تھا۔ ’کیا خدا موجود ہے؟‘ کے عنوان سے یہ گفتگو کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقد ہوئی تھی اور سوشل میڈیا پر کافی زیرِ بحث رہی۔



