کرناٹک میں قیامت خیز سڑک حادثہ: ٹراویلس بس لاری سے ٹکرا جانے کے بعد شعلہ پوش ، 17 مسافر زندہ جل گئے، 13 زخمی

کرناٹک میں پیش آئے ایک دلخراش اور خوفناک سڑک حادثے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک خانگی ٹراویلس بس کو تیز رفتار لاری نے زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس المناک حادثے میں 17 افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے، جبکہ 13 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ چترادرگا ضلع کے جاوراگندنہلّی کے مضافاتی علاقہ میں جمعرات کی علی الصبح تقریباً 3 بجے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق بنگلور سے گوکرنا جانے والی خانگی ٹراویلس بس کو سامنے سے آنے والی ایک لاری نے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا ڈیزل ٹینک پھٹ گیا اور چند ہی لمحوں میں پوری بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کے فوراً بعد بس سے چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں، جبکہ آگ تیزی سے پھیل گئی۔ بس کے پچھلے حصے میں بیٹھے مسافر آگ کی زد میں آ گئے اور باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا، جس کے باعث وہ زندہ جل گئے۔ تاہم بس کے اگلے حصے میں موجود چند مسافروں نے شیشے اور دروازے توڑ کر اپنی جانیں بچالیں۔
حادثے میں لاری ڈرائیور سمیت مجموعی طور پر 17 افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ کے وقت بس میں کل 32 مسافر سوار تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری اور خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثہ کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری اور لاپرواہی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔



