وادی کشمیر کو برف کی چادر نے ڈھک لیا

نئی دہلی ۔جموں و کشمیر میں سردیوں کا زور بڑھتا جا رہا ہے اور ہر روز سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ موسم کے اس سخت ہونے کی بنیادی وجہ کشمیر میں جاری برفباری ہے جس نے علاقے میں انتہائی سرد موسم قائم کر دیا ہے۔
سیاحتی مقامات خاص طور پر گلمرگ اور پہلگام میں درجہ حرارت صفر ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے گر گیا ہے جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کے لیے شدید سردی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گلمرگ میں منفی 4.2 ڈگری اور پہلگام میں منفی 2.2 ڈگری تک درجہ حرارت گر گیا ہے۔
شدید سردی کے سبب جھیلوں اور تالابوں کا پانی جم گیا ہے اور سری نگر کی مشہور ڈل جھیل کے کنارے بھی برف سے ڈھکی ہوئی مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ یہ منظر نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ سیاحوں کے لیے بھی حیران کن اور دلچسپ ہے مگر ساتھ ہی شدید سردی کی وجہ سے مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
سرد موسم کے اثرات کے پیش نظر حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو گرم لباس پہننے اور سردی سے بچاؤ کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔



