کمبھ میلہ کی وائرل لڑکی نے کرلی محبت کی شادی — والد کی مخالفت کے باوجود فرمان خان کی بنی دلہن

اترپردیش میں گزشتہ سال کمبھ میلہ کے دوران مالا (پوسلے) فروخت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خوبصورت لڑکی مونالیسہ بھونسلے نے اپنے محبوب سے شادی کر لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مونالیسہ بھونسلے نے چہارشنبہ کے روز اپنے محبوب فرمان خان سے کیرالا کے دارالحکومت کے قریب پووار کے ارومنور شری نائنار دیو مندر میں شادی کی۔ بتایا گیا ہے کہ والد کی مخالفت کے باوجود مونالیسہ نے اسی نوجوان سے شادی کی جس سے وہ محبت کرتی تھیں۔
کیرالا میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شادی کی تقریب میں کیرالا کے ایک وزیر اور ایک بڑی بائیں بازو کی جماعت کے ریاستی سکریٹری بھی موجود تھے۔
رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی رہنے والی مونالیسہ اور مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے فرمان خان تقریباً چھ ماہ قبل ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ایک دوسرے سے ملے تھے۔ دونوں کے مذاہب مختلف ہونے کی وجہ سے مونالیسہ کے والد جئے سنگھ بھونسلے نے اس شادی کی مخالفت کی اور مبینہ طور پر انہیں ایک دور کے رشتہ دار سے زبردستی شادی کرنے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔
اسی دوران مونالیسہ ایک شوٹنگ کے سلسلے میں کیرالا گئی تھیں۔ ان کے والد انہیں واپس لے جانے کے لیے وہاں پہنچے، مگر مونالیسہ نے انکار کر دیا اور پولیس سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والد سے جان کا خطرہ ہے اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ بعد ازاں پولیس کی نگرانی میں دونوں کی شادی کروا دی گئی۔



