لڑکی کے ساتھ تصویر وائرل۔ لالو پرساد یادو نے بیٹے کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا

نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا ہے ،تیج پرتاپ یادو کی ایک خاتون کے ساتھ تصویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لالو یادو نے اتوار کو فیس بک پر پوسٹ کرکے اپنے بڑے بیٹے کو پارٹی اور خاندان سے نکالے جانے کی اطلاع دی۔
انہوں نے فیس بک پر لکھا کہ ”ذاتی زندگی میں اخلاقی اقدار کو نظر انداز کرنا سماجی انصاف کے لیے ہماری اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتاہے، بڑے بیٹے کی سرگرمیاں، عوامی طرز عمل اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہمارے خاندانی اقدار اور سنسکار کے مطابق نہیں ہے، اس لیے مندرجہ بالا حالات کے پیش نظر میں اسے پارٹی اور خاندان سے نکالتا ہوں، اب سے پارٹی اور خاندان میں اس کا کسی بھی قسم کا کردار نہیں رہے گا ۔
اسے چھ سال کیلئے پارٹی سے باہرکیاجاتاہے ۔ “واضح رہے کہ تیج پڑتاپ یادو کے فیس بک اکاونٹ سے ایک لڑکی کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا گیا تھاکہ ’میں تیج پرتاپ یادو اور اس تصویر میں میرے ساتھ نظر آنے والی لڑکی انوشکا یادو ہے۔ ہم دونوں ایک دوسرے کو پچھلے 12 سالوں سے جانتے ہیں اور ایک دوسرے سے پیار بھی کرتے ہیں۔ ہم گزشتہ 12 سال سے رلیشن شپ میں ہیں۔ میں بہت دنوں سے آپ سب کو یہ بتانا چاہتا تھا لیکن سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیسے کہوں اس لیے آج اس پوسٹ کے ذریعے میں آپ سب سے اپنے دل کی باتیں شیئر کر رہا ہوں۔
کچھ دیر بعد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ پوسٹ کے تقریباً پانچ گھنٹے بعد تیج پر تاپ نے اپنے ایکس اکاونٹ سے پوسٹ کیا اور بتایا کہ ان کا اکاونٹ ہیک ہو گیا ہے اور یہ نقلی پوسٹ ہے اور فوٹو کوایڈٹ کیا گیا ہے تاہم ان کے اس دعوے کے بعد چھ تصاویر اور دو ویڈیوس وائرل ہو گئے۔ غور طلب ہے کہ تیج پرتاب یادو شادی شدہ ہیں۔ان کی شادی مئی 2018 میں
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ داروغہ رائے کی پوتی اور سابق وزیر چندریکا رائے کی بیٹی ایشوریہ رائے سے ہوئی ہے ۔ان کے طلاق کا مقدمہ عدالت میں زیر دوراں ہے۔