مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کی تواریخ کا اعلان

نئی دہلی۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ مہاراشٹرا میں کل 288 نشستوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں انتخابات منعقد ہوں گے۔ اس کے لیے 22 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 4 نومبر ہوگی۔ انتخابات 20 نومبر کو منعقد ہوں گے اور نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔
ریاست میں کل 9 کروڑ 63 لاکھ ووٹرز ہیں، جن کے لیے 1,186 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کی مدت 26 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لیے بھی الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہاں 81 اسمبلی نشستوں کے لیے دو مرحلوں میں انتخابات منعقد ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 43 نشستوں کے لیے انتخابات 13 نومبر کو ہوں گے، جبکہ باقی 38 نشستوں کے لیے ووٹنگ 20 نومبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان ہوگا۔
جھارکھنڈ میں کل 2.6 کروڑ ووٹرز ہیں، جن کے لیے 29,562 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جھارکھنڈ اسمبلی کی مدت آئندہ سال 5 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔