مہاراشٹرا اسمبلی میں وزیر کے رمی کھیلنے کا ویڈیو وائرل

مہاراشٹرا اسمبلی میں وزیر کے رمی کھیلنے کا ویڈیو وائرل، روہت پوار کا شدید تنقید
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے اتوار کو ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کے وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے ریاستی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے موبائل فون پر "رمی” گیم کھیل رہے ہیں۔
روہت پوار نے اس موقع پر اجیت پوار کی قیادت والے این سی پی دھڑے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ بی جے پی کی مشاورت کے بغیر کوئی کام نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کے پاس کسانوں کے لیے کوئی کام نہیں ہے، اس لیے وہ اسمبلی میں بیٹھ کر رمی کھیلنے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں برسرِاقتدار اتحاد "مہایوتی” بی جے پی، این سی پی (اجیت پوار گروپ) اور شیو سینا (ایک ناتھ شندے گروپ) پر مشتمل ہے۔ روہت پوار کے اس انکشاف نے اپوزیشن کو حکومت کے خلاف ایک نیا ہتھیار دے دیا ہے۔