مرد ٹیلر نہیں لے سکتے خواتین کے کپڑوں کا ناپ۔ اتر پردیش ویمنس کمیشن کی تجویز

نئی دہلی۔ ریاست اتر پردیش میں ویمنس کمیشن نے خواتین کو "بیڈ ٹچ” سے روکنے کے لیے ایک تجویز پیش کی ہے۔ اس تجویز کے مطابق مرد ٹیلرس کو خواتین کے کپڑوں کا ناپ لینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور نہ ہی مرد حجام کو خواتین کے بال کاٹنے چاہیے۔
ذرائع کے مطابق ویمنس کمیشن صدر ببیتا چیہتا نے کمیشن کے اجلاس میں یہ تجویز رکھی جس کی دوسرے ارکان نے حمایت کی۔واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو ویمنس کمیشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں کئی تجاویز پیش کی گئیں جن میں مرد ٹیلر کے خواتین کا ناپ لینے اور کپڑے سلنے کی اجازت نہ دینے اور ٹیلر و باربر شاپ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے، علاوہ ازیں
جم اور یوگا سنٹرس میں بھی مرد ٹریننگ نہیں دے سکیں گے۔ ابھی فی الحال یہ صرف ایک تجویز ہے لیکن بعد میں کمیشن کی جانب سے ریاستی حکومت سے اس سلسلے میں قانون سازی کی خواہش کی جائے گی۔