مالیگاوں بم دھماکے کا فیصلہ – ٹھاکر پرگیہ سنگھ سمیت 7 ملزمین بری

2008 میں مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں ہوئے دھماکے کے کیس میں ممبئی کی این آئی اے عدالت نے جمعرات کو بڑا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سابق بی جے پی ایم پی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت سمیت تمام 7 ملزمین کو بری کر دیا۔
یہ دھماکہ 29 ستمبر 2008 کو مالیگاؤں میں ہوا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات مہاراشٹر اے ٹی ایس نے کی تھی، جس کے دوران کئی گواہوں کے بیانات لیے گئے تھے، جن میں "گواہ نمبر 40” سمیت کئی اہم افراد شامل تھے۔
بعد میں کیس کی تفتیش نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) کو منتقل کی گئی۔ عدالت میں اس کیس میں 220 گواہوں کے بیانات درج کیے گئے، جن میں سے 15 گواہوں نے اپنے پچھلے بیانات سے انکار کیا۔
عدالت نے کہا کہ استغاثہ الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا، اس لیے تمام ملزمین کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے۔
یہ فیصلہ ملک بھر میں موضوعِ بحث بن چکا ہے، اور اس پر مختلف حلقوں سے ملا جلا ردعمل آیا ہے۔