یوٹیوبر چلوکا پروین کے خلاف گستاخانہ تبصروں پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ – کریم نگر کمشنر پولیس سے کل جماعتی وفد کی شکایت

اسلام کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گستاخانہ اور غیر مہذب تبصرے کرنے والے یوٹیوبر چلوکا پروین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل کے روز ایڈوکیٹ محمد جمیل الدین کی قیادت میں ایک کل جماعتی وفد نے کریم نگر پولیس کمشنر جناب غوث عالم سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں باضابطہ شکایت درج کروائی۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ چلوکا پروین "یو نیوز” نامی یوٹیوب چینل چلا رہا ہے جس میں وہ اسلام، مسلمانوں اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور توہین آمیز تبصرے کر رہا ہے۔ یہ سب کچھ وہ صرف یوٹیوب پر شہرت حاصل کرنے اور ویورز بڑھانے کے مقصد سے کر رہا ہے۔
شکایت گزاروں کا کہنا ہے کہ پروین کی ان حرکتوں سے نہ صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں بلکہ ملک کے مذہبی ہم آہنگی کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چلوکا پروین کے خلاف بی این ایس کی دفعات 196، 299، 353(2) اور آئی ٹی ایکٹ 2000 کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے اور اسے فوری گرفتار کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں مزید نفرت انگیز تقاریر نہ کر سکے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ "یو نیوز” یوٹیوب چینل کو فوراً حذف کیا جائے اور اس پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔ ساتھ ہی چلوکا پروین سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ مسلمانوں سے علانیہ معافی مانگے اور آئندہ اس قسم کی حرکات نہ کرنے کا قانونی حلف نامہ دے۔
ایڈوکیٹ جمیل الدین نے چلوکا پروین کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی نفرت انگیز زبان کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اس طرح کی نفرت پھیلانے کی جرأت نہ کرے۔
انہوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی مذہب کے خلاف اس طرح کی حرکت کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قانون بنایا جاۓ تاکہ کوئی ایسی جرأت نہ کرے۔
اس موقعہ پرمولانا علیم الدین نظامی،مفتی یونس القاسمی،مولانا قیوم ضیائئ،محمد خیرالدین صاحب مولانا اظہر الدین مبین ،مولانا شاہ محمد قادری،حافظ یوسف، حافظ ضیا اللہ خان ،حافظ عبدالباری ایڈوکیٹ،منصور توکلی،مظہر محی الدین ساجد،منیب الدین،کانگریس اقلیتی قائدین عبدالصمد نواب،تاج الدین،عبدالرحمن،محمدلیق،اور معززان شہرفصیح الدین نواب،منیب الدین، طالب الدین ،مجیب علی خان ،ٹی أر ایس قأدین میر شوکت علی،افتخار،ودیگر موجودتھے۔