بیٹی کے سامنے مدرسہ کے مولانا کو فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا – اترپردیش کے رائے بریلی میں دل دہلا دینے والا واقعہ
اترپردیش کے ضلع رائے بریلی ضلع میں ایک مدرسہ کے مولانا کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ یہ واقعہ رائے بریلی کے ڈی ہا پولیس اسٹیشن کے تحت سی ایچ سی کے قریب پیش آیا۔
واقعہ کے مطابق، 45 سالہ مرتضیٰ، جو نصیر آباد کے رہائشی تھے، اپنی بیٹی کو سسرال سے واپس لا رہے تھے کہ اچانک ملزمین نے ان پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے زخمی مرتضیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ دن دہاڑے ہونے والی اس قتل کی واردات سے ضلع میں ہلچل مچ گئی۔
پولیس موقع پر پہنچ کر نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے لیے بھیج دی۔ مقتول کی بیٹی نے پانچ افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دن دہاڑے ہونے والے اس قتل میں مقتول کی بیٹی نے پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں دو نامزد افراد سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پرانی دشمنی اس قتل کا بنیادی سبب بن رہی تھی۔
ملزمین، سلمان اور نعیم ، دونوں نصیر آباد رائے بریلی کے رہائشی، نے مرتضیٰ پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور نامزد و نامعلوم ملزمین کی گرفتاری کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دے کر تلاش شروع کر دی ہے۔
سپیشل پولیس افسر (ایس پی) یشویر سنگھ نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد گرفتاریاں کرنے کا یقین دلایا ہے۔ اس وقت علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور مقدمے کی مزید تفتیش ڈی ہا پولیس اسٹیشن کے انچارج کر رہے ہیں۔
گاؤں والوں کے مطابق اس قتل میں پرانی دشمنی شامل تھی۔ مقتول پہلے بھی ملزمین کے خلاف کسی معاملے میں پولیس میں شکایت درج کرا چکے تھے، جس پر پولیس نے ملزمین کو جیل بھجوا دیا تھا۔ بعد ازاں ملزمین جیل سے رہائی کے بعد مولانا کے ساتھ دوبارہ جھگڑے میں ملوث ہو گئے۔ اس وقت متعدد پولیس ٹیمیں ملزمین کی گرفتاری کے لیے تشکیل دی گئی ہیں۔



