ایک اور طیارہ حادثہ کا شکار ہونے سے بچ گیا ۔ مے ڈے کال اور فلائٹ کی بہ حفاظت لینڈنگ

نئی دہلی ۔ انڈیگو ایئرلائنز سے تعلق رکھنے والے طیارے کو ایک بڑے حادثے سے بال بال بچا لیا گیا۔’مے ڈے کال‘ کے ذریعے طیارے کو بحفاظت اتارا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گوہاٹی سے چینئی جانے والا انڈیگو کا طیارہ روانہ ہوا تھا۔ متعلقہ ذرائع کے مطابق جیسے ہی طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد ہوا میں بلند ہوا پائلٹ کو معلوم ہوا کہ ایندھن کی مقدار خطرناک حد تک کم ہے۔
پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو ’مےڈے‘ پیغام روانہ کیا جو ایوی ایشن کی زبان میں ہنگامی خطرے کا سگنل ہوتا ہے۔ اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کی بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ یوں ایک ممکنہ حادثے کو ٹال دیا گیا۔
یہ واقعہ تین دن قبل پیش آیا تھا جو اب سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ ’مے ڈے کال‘ وہ مخصوص ریڈیو پیغام ہوتا ہے جو کسی ہنگامی خطرے یا تباہ کن صورتحال میں پائلٹ کی جانب سے قریبی ایئر کنٹرول کو بھیجا جاتا ہے تاکہ فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
واضح حال ہی میں ایئر انڈیا کا احمد آباد سے لندن جانے والا طیارہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ طیارہ ایک عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں 242 مسافر سوار تھے، جن میں سے 241 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔