نیشنل

مغربی بنگال کے معطل ٹی ایم سی رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے مرشدآباد میں ’’بابری مسجد طرز‘‘ کی مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا

مغربی بنگال کے معطل ٹی ایم سی رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے مرشدآباد میں ’’بابری مسجد طرز‘‘ کی مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا

 

مغربی بنگال کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس کے معطل  رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے مرشدآباد ضلع میں ’’بابری مسجد طرز‘‘ کی مجوزہ مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر کبیر نے اسٹیج پر موجود علمائے کرام کے ساتھ فیتہ کاٹا، جبکہ ہزاروں کی تعداد میں جمع عوام کی جانب سے ’’نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔

 

سنگِ بنیاد کی تقریب سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد کی گئی، جہاں رجی نگر اور بیلدانگا کے اطراف بڑی تعداد میں پولیس، آر اے ایف اور مرکزی سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تاکہ امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

 

ہمایوں کبیر کا کہنا تھا کہ اس تقریب کو سبوتاج کرنے کی سازشیں رچی گئیں، مگر لاکھوں لوگ ایسی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ قبل ازیں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کبیر نے کہا کہ میں بیلدانگا میں مسجد کا سنگِ بنیاد رکھوں گا، کوئی طاقت ہمیں روک نہیں سکتی۔ ہم کلکتہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

 

ان کا  کہنا تھا کہ پروگرام میں رخنہ ڈالنے اور تشدد بھڑکانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مگر جنوبی بنگال کے مختلف اضلاع سے آنے والے لاکھوں افراد ایسی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ یہ پرامن تقریب ہوگی۔ آئین کے مطابق عبادت گاہ قائم کرنا ہمارا حق ہے۔ 2000 سے زائد رضاکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔‘

 

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بیلدانگا میں صرف مسجد ہی نہیں بلکہ تمام برادریوں کے لیے ہاسپٹل، تعلیمی ادارہ اور مہمان خانہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

 

ہمایوں کبیر نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی اس مسئلے کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کر رہی ہے، جس طرح بی جے پی کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ لوگ سازشیں کر رہے ہیں۔‘

 

مقامی افراد اور رضاکار صبح سویرے ہی تعمیراتی مقام پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ علاقے کے ایک باشندے صفیق الاسلام اور دیگر افراد مسجد کی تعمیر کی تیاری کے طور پر اینٹیں پہنچاتے نظر آئے

متعلقہ خبریں

Back to top button